خانیوال:(یکم جنوری 2026)ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی خود مانیٹرنگ سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی سروس ڈیلیوری میں بہتری آئی ہے، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضریوں کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ ادویات کی دستیابی بھی ممکن بنادی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے سال نو کے پہلے دن ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی اور ٹراما سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال عملہ و مریضوں کو سال نو کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر آپریشن تھیٹرز اور وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا جہاں سروس ڈیلیوری اور صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دورے کے دوران مریضوں سے حاصل کیا گیا فیڈ بیک بھی ڈاکٹروں اور عملے کے رویے اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مثبت رہا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس ڈاکٹر عمارہ کو ہسپتال میں لائٹنگ کے انتظامات مزید بہتر بنانے کے احکامات دیے اور کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو مزید بہتر کیا جائے گا، مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

